Libraries have a key role in awareness, inklaab news , inqilab news , inquilab news , Pakistan 21

جامشورو: شعور کی آبیاری میں لائبریریوں کا کلیدی کردار ہے

ذوالفقارکھوسو نمائندہ انقلاب نیوزجامشورو
شعور کی آبیاری میں لائبریریوں کا کلیدی کردار ہے۔ تدریسی و تحقیقی عمل میں لائبرریوں کی بہت اہمیت اور حیثیت ہوتی ہے۔ لائبریریاں ہی علم کے پیاسوں کی علمی پیاس بجھاتی ہیں اور انہیں کتابوں کی صورت میں معلومات کے بے بہا خزانے مہیا کرتی ہیں۔ کتاب سے بہتر کوئی بھی دوست نہیں ہو سکتا۔ جس نے کتابوں سے دوستی کی، اس کو کامیاب اور شاندار مستقبل حاصل ہوا۔ ان خیالات کا اظہار شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے علامہ آئی آئی قاضی سینٹرل لائبریری میں یونائیٹیڈ نیشنز سے حاصل کی گئی انتہائی اہم کتابوں کے کارنر کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ ڈاکٹر برفت نے مزید کہا کہ یہ لائبریری نہ صرف خوبصورت طرز تعمیر کے حوالے سے منفرد حیثیت کی حامل ہے اور ملک و بیرون ممالک میں جامعہ سندھ کی پہچان بنی ہوئی ہے بلکہ اس میں کتابوں، اخبارات و رسائل کی صورت میں موجود علمی، ادبی، تاریخی، تحقیقی و سائنسی خزانہ بھی بہت اہمیت رکھتا ہے اور جامعہ سندھ میں زیر تعلیم طلباءو طالبات کو تدریس و تحقیق کے عمل میں مدد فراہم کرتا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ ملک اور ملک سے باہر کے مختلف موضوعات پر نئی شایع کی ہوئی کتابیں خرید کرکے اس لائبریری کی زینت بنائیں تاکہ طلباءو طالبات کو معلومات کے مزید نئے مواقع میسر ہو سکیں۔ اس موقع پر تقریب میں شریک لائبریری اینڈ انفارمیشن سائنسز کے طلباءو طالبات کو مخاطب ہوئے ڈاکٹر برفت نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے اس دور میں مطالعے کے لاتعداد مواقع موجود ہیں۔ انٹرنیٹ پر ڈجیٹل لائبریریز موجود ہیں، جہاں ہر موضوع پر کروڑوں کی تعداد میں کتابیں موجود ہیں، جو کہ کمپیوٹر یا موبائل کے ایک کلک سے پڑھی بھی جا سکتی ہیں اور ڈاﺅن لوڈ کرکے محفوظ بھی کی جا سکتی ہیں۔ اب اپنی پسند و ضرورت کی کتاب مارکیٹ میں تلاش کرنے اور مہنگے دام پر خرید کرنے کے لیے پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، گوگل پر سرچ کرنے سے کتب پڑھی جا سکتی ہیں۔ انٹرنیٹ نے بہت آسانیاں پیدا کی ہیں۔ ڈاکٹر برفت نے طلباءکو ہدایت کی کہ وہ پابندی سے کلاسز اٹینڈ کرکے دل لگا کر محنت سے تعلیم حاصل کریں۔ لائبریری میں مطالعے کو اپنا روز کا معمول بنا لیں، ان کا مستقبل روشن ہے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ آئی آئی قاضی سینٹرل لائبریری کے انچارج لائبریرین محمد اعظم رونجھو نے لائبریری کے مختلف حصوں اور وہاں موجود کتابوں، اخبارات و رسائل کے حوالے سے تفصیلی معلومات فراہم کی اور انٹرنیٹ پر موجود ڈجیٹل لائبریریوں کی ویب سائٹس کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ تقریب میں ڈین فیکلٹی آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر سید جاوید اقبال، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز ڈاکٹر نگینہ پروین سومرو کے علاوہ مختلف شعبوں کے سربراہان، اساتذہ و طلباءشریک ہوئے۔

اپنی رائے دیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں