54

لاہور: تحریک لبیک یارسول اللہ کا مال روڈ دھرنا ختم کرنے کا اعلان

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت میں لاہور میں ایک ہفتے سے جاری مذہبی اور سیاسی جماعت تحریک لبیک یارسول اللہ کے ایک دھڑے کا دھرنا حکومت کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد ختم ہوگیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ دھرنا ختم ہونے کے اعلان کے بعد مظاہرین منتشر ہونا شروع ہو گئے ہیں اور چیرنگ کراس سے بند روڈ کے راستے کو کھول دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے ریل ویز خواجہ سعد رفیق نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں اس دھرنے کے ختم ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور لاھوردھرنا قائدین کے مابین تمام معاملات آئین و قانون کے مطابق طے کیے گئے۔
ادھر مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ تحریک لبیک یارسول اللہ کے دوسرے دھڑے کے سربراہ ڈاکٹر اشرف آصف جلالی کا دعویٰ ہے کہ ’ہم نے 25 نومبر کو مال روڈ پر مطالبات کے حق میں دھرنا دیا، جنہیں حکومت نے 7 روز بعد مان لیا ہے۔‘
تاہم اب تک ملنے والی اطلاعات کے مطابق اس دھرنے کا ایک اہم مطالبہ، وزیرِ قانون رانا ثنا اللہ کا استعفیٰ، اس وقت منظور نہیں کیا گیا ہے۔ مقامی میڈیا نے ان کے حوالے سے بتایا کہ ان کا موقف ہے کہ وہ وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کے استعفے یا قانونی کارروائی کے مطالبے سے دستبردار نہیں ہوئے، بلکہ ان کے استعفے اور آئین سے غداری کا معاملہ پیر حمیدالدین سیالوی کی عدالت پر چھوڑ دیا ہے۔

اپنی رائے دیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں